جعلی ویزے پر درجنوں پاکستانی عراق میں پکڑے گئے ہیں وزیر سیاحت سندھ
یو اے ای اور دیگر ممالک نے بھی سلپ ہونے کی شکایات پر ہمارے لیے ویزا شرائط مزید سخت کردی ہیں، ذوالفقار شاہ
وزیر سیاحت سندھ ذوالفقار شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی ویزے اور جعلی پاسپورٹ پر درجنوں پاکستانی عراق میں پکڑے گئے جنہیں ڈی پورٹ کردیا گیا، یو اے ای اور دیگر ممالک نے بھی سلپ ہونے کی شکایات پر ہمارے لیے ویزا شرائط مزید سخت کردی ہیں۔
یہ بات انہوں نے ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سابق رکن صوبائی اسمبلی عبد الرشید گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد جماعت اسلامی کے رہنما اور دنیا ٹریول اینڈ ٹورز کے سی ای او حافظ فرحان احمد وقاص اعظمی نے بھی خطاب کیا۔
وزیر سیاحت نے کہا کہ سندھ حکومت نے انسانی اسمگلنگ، جعلی پاسپورٹ اور جعلی ویزا میں ملوث کمپنیوں اور ٹریول ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے جس میں ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز کا تعاون بھی درکار ہے، ایسے ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے جو غیرقانونی سرگرمیوں جعلی پاسپورٹ اور جعلی ویزوں کے کاروبار میں ملوث ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یو اے ای کے قونصل جنرل نے شکایت کی ہے کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات جاکر سلپ ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے ویزا میں سختیاں کردی ہیں، اس دھندے میں بعض ٹریول ایجنسیاں ملوث ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن ایسے جعلی دھندا کرنے والے ایجنٹوں کی نشان دہی کرے تاکہ ہمیں کارروائی میں آسانی ہو ان لوگوں کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہورہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک نے ہمارے لیے ویزا پالیسی سخت کردی ہے پوری دنیا میں ہمارے لیے مشکلات ہورہی ہیں۔
وزیر محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات جس قدر بھی خراب ہوں حرمین جانے والے زائرین کی تعداد میں کمی نہیں ہوتی، حکومت سندھ اس شعبے میں کام کرنے والوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ملیں۔