سمندری ہواؤں کی بحالی سے کراچی کا موسم خوشگوار درجہ حرارت میں مزید کمی

30 جولائی سے 2 اگست کے دوران شہر میں درمیانی اور تیز بارش کا امکان ہے، چیف میٹرولوجسٹ

فوٹو: فائل

سمندری ہوائیں چلنے سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ درجہ حرارت میں مزید 1.7 ڈگری کمی آگئی۔

بدھ کو شہرکا مطلع بیشتروقت جزوی اورمکمل طورپرابرآلود رہا، سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں دن بھرفعال رہیں جس کی رفتار 35 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، شہرکا درجہ حرارت مذید 1.7 ڈگری کمی سے 32.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، منگل کو درجہ حرارت میں 3.1 ڈگری کی کمی ہوئی تھی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق اگلے 2 سے 3 دن کے دوران شہر کا موسم زیادہ ترابرآلود اور مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان ہے۔


زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 تا 34 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، سمندری ہوائیں بدستور بحال رہنے کا امکان ہے، صوبے کے دیگراضلاع میں موسم گرم اورانتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم تھرپارکر، سجاول، ٹھٹھہ اوربدین کے اضلاع میں بھی ہلکی بارش اوربونداباندی کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکے مطابق 30 جولائی سے 2 اگست کے دوران موسم سون سسٹم کے تحت درمیانی سے تیزبارشیں ہونے کا امکان ہے جبکہ ایک اور سسٹم 5 سے 7 اگست کے درمیان متوقع ہے۔

سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید پیش گوئی سسٹمز کے قریب آنے پرزیادہ بہترطورپر کی جاسکے گی تاہم جولائی کے مقابلے میں اگست کے مہینے میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
Load Next Story