ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی طرح بجلی کے شعبے میں اجارہ داری ختم کی جائے مصطفیٰ کمال

حکومت نے 1700 ارب روپے کیپسٹی ادائیگیوں کی مد میں رکھے جبکہ 1400 ارب پورے پاکستان کا ترقیاتی بجٹ ہے، پریس کانفرنس

چیئرمین نیپرا سے ملاقات کے بعد مظفی کمال کی اراکین اسمبلی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو ( فوٹو انٹرنیٹ)

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں جس طرح ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں اجارہ داری ختم کر کے صارفین کو فائدہ پہنچایا گیا اسی طرز پر بجلی کی تقسیم میں مقابلے کی فضاء قائم کی جائے اور کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کے لیے مختلف کمپنیوں کو لائسنس فراہم کیئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین نیپرا وسیم مختار سے انکے دفتر میں ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بجلی کے حوالے سے ایک کمپنی کی اجارہ داری کا خاتمہ ہونی چاہیے، آئی پی پیز کو کی جانے والی کیپیسٹی چارجز کی مد میں ادائیگی معیشت کیلئے سب سے بڑا زخم ہے۔ جنوبی ایشیا کے خطے کے دیگر ممالک میں 6 سینٹ کی بجلی دستیاب ہے جبکہ پاکستان میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 16 سینٹ ہے، جس سے ہماری برآمدات بہت متاثر ہو رہی ہیں اور فیکٹریاں بند نیز بیروزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: 200 یونٹ کے بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف میں وقت لگے گا، وزیر صنعت

 

انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی دہشتگردی سے بڑا مسئلہ ہے، پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہتا اس لیے نام لے کر کسی پر تنقید نہیں کر رہے بلکہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں، پاکستان میں ضرورت سے زیادہ بجلی موجود ہے، یہاں تک کہ ہم بجلی بغیر بنائے اس کے پیسے ہمیں ڈالر میں ادا کرنے پڑ رہے ہیں جس کا بوجھ گھریلو صارفین، صنعت کاروں اور تاجروں پر پڑ رہا ہے۔


اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا آئی پی پیز کے ساتھ کیپیسٹی چارجز کی مد میں ادائیگی کا ریاستی معاہدہ ہے۔ وزیراعظم پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ ان آئی پی پیز کے مالکان اور دوست ممالک کے سربراہان سے بات کریں۔ ایک نکاتی ایجنڈا لے کر وہاں جائیں کہ اب ہماری معیشت مزید کیپیسٹی چارجز ادا کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی اور ان سے درخواست کریں کہ یہ شق وہ معاہدے سے نکال دیں اور حکومت کے ساتھ نیا معاہدہ کریں۔

مزید پڑھیں: چینی آئی پی پیز کا کیپسٹی چارجز پر نظرثانی سے انکار

 

مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے پاس ملک میں بجلی بنانے کی کیپیسٹی 43 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ مشکل سے 30 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور 13 ہزار میگاواٹ کے پیسے بغیر بجلی بنائے ادا کر رہے ہیں، اس وقت 2600 ارب روپے گردشی قرضوں کی مد میں آئی پی پیز کو ادا کرنے ہیں، 600 ارب روپے گزشتہ سال لائن لاسز اور بجلی چوری کی مد میں ادائیگی کی گئی۔ اس سال حکومت نے 1700 ارب روپے ان ادائیگیوں کی مد میں رکھے ہیں جبکہ 1400 ارب پورے پاکستان کا ترقیاتی بجٹ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ سارے پیسے ہمیں صنعت کاروں اور تاجروں سے لینے ہیں لیکن اگر یونہی انڈسٹریز بند ہوتی رہیں تو ٹیکس کون دیگا؟

ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق مصطفی کمال کے ہمراہ حق پرست اراکینِ قومی اسمبلی سید حفیظ الدین، ایڈوکیٹ حسان صابر، آسیہ اسحاق اور فرحان چشتی بھی موجود تھے۔ چیئرمین نیپرا سے ملاقات میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خاتمے کے لیے کے الیکٹرک اور حیسکو کے ٹیرف ریویو، بجلی چوری، لائن لاسز، لوڈ شیڈنگ کی فیڈر سے پی ایم ٹی پر منتقلی، کنزیومر مینوئل کے اجراء، تمام ڈسکوز کی لبرلائزیشن کے علاوہ آئی پی پی کی کیپیسٹی چارجز پر ناصرف سیر حاصل گفتگو ہوئی بلکہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور فراہمی کے نظام کی اصلاح کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کی گئیں جس کی نیپرا حکام نے ناصرف تائید کی بلکہ عمل درآمد کا عندیہ دیا۔
Load Next Story