کراچی پٹرول پہلے نہ ڈالنے پر ملزمان کی فائرنگ سے آن لائن بائیک رائیڈر جاں بحق

ملزمان کی اندھادھند فائرنگ سے پیٹرول پمپ کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا


Staff Reporter July 25, 2024
فائل: فوٹو

سچل غازی گوٹھ میں پمپ پر فائرنگ سے پیٹرول بھروانے والا آن لائن بائیک رائیڈر جاں بحق جبکہ پمپ کا ملازم زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سچل غازی گوٹھ میں قائم پیٹرول پمپ پر فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پمپ کا ملازم زخمی ہوگیا، مقتول کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں اس کی شناخت 35 سالہ ذیشان ولد اللہ وسایا کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 28 سالہ عمیر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان پمپ پر پیٹرول بھروانے آئے اور وہاں پر لگی ہوئی لائن سے آگے آکر پیٹرول بھرنے کا کہا جس پر پمپ کے ملازم سے ان کی تلخ کلامی ہوئی۔

انہوں نے پمپ ملازم کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تاہم موقع پر موجود افراد نے بیچ بچاؤ کرا دیا جس کے بعد موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کچھ فاصلے پر جا کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک گولی آن لائن بائیک رائیڈر ذیشان کے سینے پر لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ پیٹرول پمپ کا ملازم عمیر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے، مقتول ذیشان پمپ پر موٹر سائیکل میں پیٹرول بھروا رہا تھا جبکہ وہ سچل گوٹھ کا رہائشی تھا۔

ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ پیٹرول پمپ پر نصب سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کرلی گئی ہے جس کی مدد سے پولیس ملزمان کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے اور انھیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |