حیدرآباد اور کوٹری سے خاتون سمیت پانچ لاوارث لاشیں برآمد
تمام افراد کی اموات ممکنہ طور پر گرمی سے ہوئیں، ضلعی انتظامیہ یا پولیس کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا
حیدرآباد اور کوٹری کے مختلف علاقوں سے ایک خاتون سمیت پانچ افراد کی لاوارث لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
لاوارث حالت میں ملنے والی لاشوں میں سے پچاس سالہ نامعلوم خاتون اور 55 سالہ نامعلوم شخص کی لاش تھانہ مارکیٹ، 50 سالہ نامعلوم مرد کی لاش تھانہ اے سیکشن، 16 سالہ لڑکے کی لاش تھانہ ریلوے کوٹری اور 60 سالہ مرد کی لاش تھانہ کوٹری سٹی کی حدود سے ملی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق مذکورہ پانچوں افراد کی لاشوں کو مختلف تھانوں اور سول اسپتال حیدرآباد کی معرفت تجہیز و تکفین کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا گیا تھا جنہیں ایدھی رضا کاروں نے غسل وکفن کے بعد مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا۔
ان لاوارث افراد کی اموات کے حوالے سے حیدرآباد یا جامشورو کی ضلعی انتظامیہ یا پولیس حکام کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا لیکن ان اموات کے متعلق عام خیال یہ ہے کہ ان تمام افراد کی موت شدید گرمی وحبس کے باعث ہوئی ہے۔