پاکستان نے ہلمند میں مداخلت کے افغانستان کے الزامات مسترد کردیئے

افغان حکام غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کریں، ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم


ویب ڈیسک July 01, 2014
پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے، تسنیم اسلم فوٹو: فائل

دفتر خارجہ نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کی ہلمند میں مداخلت کے الزامات مسترد کرتےہوئے کہا کہ ہے کہ ہلمند کی لڑائی میں پاکستان کےملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلام کا کہنا تھا کہ افغان حکام پاکستان کے خلاف اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں، پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے لہذا افغان حکام کی جانب سے اس طرح کے الزامات اصل چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی گئی ہے، فہرست کے مطابق اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں بھارت کے 296 قیدی موجود ہیں جن میں 47 سویلین اور237 ماہی گیر شامل ہیں جب کہ 12 افراد ایسے بھی ہیں جو مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ فہرست کے تبادلے کے موقع پر بھارتی حکام کی جانب سے بھی بھارت کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2008 میں طے پائے جانے والے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال جنوری اور جولائی میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں