1500 ٹن تیل لے جانے والا ٹینکر فلپائنی سمندری حدود میں ڈوب گیا
جبکہ تیل سمندر کی سطح کے بڑے حصے پر پھیلنا شروع ہو گیا ہے
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 15 لاکھ لیٹر صنعتی ایندھن لے جانے والا ٹینکر سمندر میں ڈوب گیا ہے جس کے نتیجے میں ٹینکر سے تیل کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔
فلپائن کے وزیر نقل و حمل جیمی بوٹسٹا نے بتایا کہ فلپائن کے جھنڈے والے ایم ٹی ٹیرا نووا نامی آئل ٹینکر کے عملے کے 16 ارکان کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک ابھی تک لاپتہ ہے، تاہم حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
جیمی بوٹسٹا نے کہا کہ آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج کا پتہ چلا ہے لیکن تیز ہوائیں اور اونچی لہریں ریسکیو کے کام میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جبکہ تیل سمندر کی سطح کے بڑے حصے پر پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک روز قبل طوفان گیمی نے مون سون کی موسمی بارشوں میں شدت پیدا کردی تھی جس کے نتیجے میں میٹرو منیلا اور اس کے مضافات کا بڑا حصہ گہرے سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔