2024

ڈالر کی قدرمیں انٹربینک مارکیٹ میں 10 پیسے اوپن مارکیٹ میں 5 پیسے کمی

حکومتی اداروں کی حوالہ ہنڈی کے خلاف مستقل بنیادوں پر جاری آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں، ماہرین


Ehtisham Mufti July 25, 2024
زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا—فوٹو: فائل

انٹربینک مارکیٹ اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا جہاں ڈالر بالترتیب 10 پیسے اور 5 پیسے سستا ہوگیا۔

عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹیو بورڈ کا اگست کے وسط میں شیڈول اجلاس میں پاکستان کے لیے نئے بیل آﺅٹ پیکیج منظور ہونے کی توقعات اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل قیمت فی بیرل گھٹ کر 80 ڈالر سے نیچے آنے جیسے عوامل کے باعث جمعرات کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں اتارچڑھاو کے باوجود ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 5 پیسے بڑھ کر 278 روپے 55پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن طلب کے مقابلے میں سپلائی بہتر ہونے سے ڈالر کی قدر ایک موقع پر 30 پیسے گھٹ کر 278روپے 20 پیسے کی سطح کو چھو گئی تھی۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ مجموعی طور پر 10 پیسے کی کمی سے 278روپے 40 پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔

دوسری طرف اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 5 پیسے کی کمی سے 279 روپے 70 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

خیال رہے کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر گزشتہ 5ماہ سے اتارچڑھاو کے بعد 278روپے تا 278.50روپے کے گرد گھوم رہی ہے اور یکم جولائی سے اب تک ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں مجموعی طور پر 6 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

منی مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں زرمبادلہ کی سپلائی اطمینان بخش اور طلب محدود ہے، متعلقہ حکومتی اداروں کی حوالہ ہنڈی کے خلاف مستقل بنیادوں پر جاری آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں جس سے ڈالر کی اسمگلنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں