کراچی مشروب ساز کمپنی کے مغوی مالک کا تاحال سراغ نہ مل سکا

ذوالفقار احمد کو دو روز قبل ماڑی پور روڈ سے ڈبل کیبن گاڑی میں سوار مسلح افراد اغوا کرکے لے گئے تھے


Staff Reporter July 26, 2024
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ذوالفقار احمد کی تصویر

ماڑی پور روڈ آگرہ تاج کے قریب سے 2 روز قبل لاپتہ ہونے والے معروف بزنس مین ذوالفقار احمد کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ذوالفقار احمد کو ڈبل کیبن گاڑی میں سوار مسلح افراد دوست قیصر سمیت ان کی کار سے اتار کر اپنی گاڑی میں بیٹھا کر لے گئے تھے اور کچھ فاصلے پر جا کر دوست کو اتار کر معروف بزنس مین ذوالفقار احمد کو اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے، اس حوالے سے ان کے اہلخانہ نے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔

ذوالفقار احمد مقامی مشروب ساز کمپنی کے مالک اور مقامی ٹیکسٹائل مل کے ڈائریکٹر ہیں اور اس سلسلے میں ٹیکسٹائل مل کے مینجر عمران نے کلری تھانے میں درخواست جمع کرائی ہے کہ 23 جولائی کی شام سوا پانچ بجے کے قریب ذوالفقار احمد ٹیکسٹائل مل سے اپنے دوست قیصر کے ہمراہ کلفٹن جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب وہ آگرہ تاج کالونی ماڑی پور روڈ پر پہنچے تو اس دوران ایک ڈبل کیبن گاڑی نے ان کی کار کے آگے آکر روکا جس میں سوار 8 نامعلوم مسلح افراد نے اتر کر ذوالفقار احمد اور ان کے دوست قیصر کو اسلحے کے زور پر زبردستی ان کی کار سے اتار کر اپنی گاڑی میں بٹھایا اور کچھ دور جا کر دوست قیصر کو گاڑی سے اتار کر ذوالفقار احمد کو اپنے ہمراہ لے گئے لہذا نامعلوم افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور ذوالفقار احمد کو بازیاب کرایا جائے۔

اس سلسلے میں ایس ایس پی سٹی عارف عزیز سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر تحریری درخواست وصول کرلی تاہم مقدمہ درج کرانے کوئی نہیں آیا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے جس میں کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں