اداکار طاہر انجم تشدد کیس ملزمہ نے معافی مانگ لی

عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی

فوٹو : پنجاب پولیس

اداکار طاہر انجم تشدد کیس میں کینٹ کچہری لاہور نے ملزمہ انیلہ ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمہ نے اداکارہ سے معافی مانگ لی جس پر انہوں نے معاف بھی کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم احمد نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے انیلہ ریاض کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔

عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

مزید پڑھیں؛ طاہر انجم کو دیکھ کراشتعال میں آگئی، انیلہ ریاض کا پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ

واضح رہے کہ اداکار طاہر انجم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے پر ملزمہ کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں چوری اور دھمکیوں سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔

پولیس کو ابتدائی بیان میں ملزمہ کا کہنا تھا کہ طاہر انجم چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹیں شیئر کرتے تھے اور انہیں دیکھ کر طیش میں آگئی۔


ملزمہ انیلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے طاہر انجم کو مارنے کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی اور انہوں نے طاہر انجم کو تھپڑ مارے۔

طاہر انجم نے نیلی پری کو معاف کردیا

دریں اثنا انچارج انویسٹی گیشن قلعہ گجر سنگھ یاسر چیمہ نے بتایا ہے کہ نیلی پری نے معافی مانگ لی جس پر اداکار طاہر انجم نے نیلی پری کو معاف کر دیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز کے سامنے پیش ہو کر اداکار طاہر انجم نے تحریری طور پر معافی نامہ جمع کروا دیا۔

ذرائع کے مطابق نیلی پری کی فیملی نے اداکار طاہر انجم سے گھر میں جاکر معافی مانگ لی، وقوعہ کے بعد نیلی پری خود بھی اداکا ر طاہر انجم سے معافی مانگنے گئی تھی، اس وقت غصے میں ہونے کی وجہ سے طاہر انجم نے نیلی پری کو معافی نہیں دی، بعدازاں فیملی کی طرف سے معافی مانگنے پر اداکار نے معافی دی۔

نیلی پری کو آج عدالت نے جوڈیشل بھجوا دیا ہے۔ وکیل کی طرف سے معافی نامہ عدالت میں پیش کرنے کے بعد نیلی پری کو رہائی مل جائے گی۔

واضح رہے کہ نیلی پری نے اداکار طاہر انجم کو پنجاب اسمبلی کے باہر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف ویڈیو بنانے پر اداکار طاہر انجم پر نیلی پری نے تشدد کیا تھا اور واقعہ کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کیا گیا تھا۔
Load Next Story