کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل مزید 49 پوائنٹس کا اضافہ

غیرملکی سرمایہ کاروں کی پٹرولیم سیکٹر کی کمپنیوں میں خریداری دلچسپی، انڈیکس 29701 پوائنٹس پر جاپہنچا


Business Reporter July 02, 2014
149 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمائے میں 14.9 ارب کا اضافہ، کاروباری سرگرمیاں 9 کروڑ تک محدود۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

غیرملکیوں کی پٹرولیم سیکٹر کی کمپنیوں میں خریداری دلچسپی کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی29700 کی حد بھی بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 49.17 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید14 ارب90 کروڑ17 لاکھ23 ہزار68 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی وجہ سے مارکیٹ میں حاضری کم رہی جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی انتہائی کم رہی لیکن غیرملکیوں نے مخصوص شعبوں میں خریداری سرگرمیاں برقرار رکھیں جس کی وجہ سے مارکیٹ کا مورال بلند رہا اور محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر48 لاکھ93 ہزار 374 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر105 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 48 لاکھ93 ہزار373 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مندی کو تیزی میں تبدیل کردیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 49.05 پوائنٹس کے اضافے سے29701.58 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس53.13 پوائنٹس کے اضافے سے20469.08 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 173.25 پوائنٹس اضافے سے 47859.80 ہوگیا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت42.05 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر9 کروڑ7 لاکھ27 ہزار 490 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ303 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں149 کے بھاؤ میں اضافہ، 127 کے دام میں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سروس انڈسٹری کے بھاؤ24.75 روپے بڑھ کر 519.75اور مچلز فروٹ کے بھاؤ 22.67 روپے بڑھ کر682.67 روپے ہو گئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ199.99 روپے کم ہوکر11600 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ34 روپے کم ہوکر900 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں