سرکاری کریانہ نرخ نامہ جاری خوردہ سطح پر اجناس اور دالیں مہنگی داموں فروخت ہونے لگیں

تھوک فروش سرکاری نرخ پر اشیا فروخت نہیں کررہے، دکاندار، جوڑیا بازار میں اجناس سرکاری نرخ سے زائد پر فروخت کی جارہی ہیں


Business Reporter July 01, 2014
بیسن کا سرکاری نرخ67 روپے ہے دکاندار100 روپے بیچ رہے ہیں،چنے کی دال 74روپے ،بڑا کابلی چنا 115روپے فی کلو بکنے لگا۔ فوٹو: فائل

کنٹرولر جنرل آف پرائسز کمشنر کراچی نے ماہ رمضان کے لیے کریانہ اشیا کا نرخ نامہ جاری کردیا ہے۔

رمضان میں استعمال ہونے والی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر عوام کو سہولت دی گئی ہے تاہم تھوک سطح پر قیمتوں میں اضافے اور سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کے سبب خوردہ سطح پر بھی اجناس اور اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں، تفصیلات کے مطابق دکانداروں کے مطابق تھوک مارکیٹ میں تھوک فروش سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیا فروخت نہیں کررہے۔

جوڑیا بازار میں اجناس سرکاری نرخ نامے میں درج خوردہ داموں سے زائد پر فروخت کیے جارہے ہیں جس سے خوردہ (ریٹیل) سطح پر بھی قیمتوں پر عملدرآمد ناممکن ہوگیا ہے، سرکاری نرخ نامے میں چنے کی دال درجہ اول کی قیمت61 روپے اور خالص بیسن کی قیمت67 روپے درج کی گئی ہے تاہم شہر بھر میں بیسن80 روپے کلو اور چھوٹی چکیوں پر100روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے، چنے کی دال تھوک سطح پر ہی65 روپے کلو فروخت ہورہی ہے جو خوردہ سطح پر70سے74روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔

سرکاری نرخ نامے میں مونگ کی دال درجہ اول کی خوردہ قیمت 152روپے مقرر ہے تاہم تھوک دام زیادہ ہونے کی وجہ سے دکانوں پر مونگ کی دال 160روپے سے زائد پر فروخت ہورہی ہے، سرکاری نرخ نامے میں کابلی چنا بڑا (9ملی میٹر)کی خوردہ قیمت 85 روپے مقرر ہے تاہم تھوک سطح پر ہی بڑا کابلی چنا 102روپے کلو فروخت ہورہا ہے جو خوردہ سطح پر 110سے 115روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں