شادی کی خواہش پر والدہ نے گھر سے نکالنے کی دھمکی دی فرح خان

شادی کے پہلے سال ہی شوہر سے دور بھاگ جانا چاہتی تھی، ہدایتکارہ

فرح خان کی والدہ طویل علالت کے باعث 26 جولائی کو انتقال کر گئیں : فوٹو : انسٹاگرام

بالی ووڈ کی نامور ہدایتکارہ اور کوریو گرافر فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں جب اُنہوں نے اپنی والدہ سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا تو والدہ نے اُنہیں گھر سے نکالنے کی دھمکی دی تھی۔

ہدایتکارہ فرح خان کی والدہ میناکا ایرانی طویل علالت کے باعث 26 جولائی کو انتقال کر گئیں، والدہ کے انتقال پر فرح خان اور اُن کے بھائی فلمساز ساجد خان شدت غم سے نڈھال ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی معروف شخصیات فرح خان سے ملاقات کرکے اُن کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کررہی ہیں۔

والدہ کے انتقال کے بعد، بھارتی میڈیا پر فرح خان کا پُرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے اپنی والدہ سے متعلق حیران کُن انکشاف کیا تھا۔

فرح خان نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ 2o سال کی عُمر تک میرے ذہن میں شادی کا خیال نہیں آیا تھا لیکن جب میں 22 سال کی ہوئی تو میں نے شادی کرنے کا سوچا اور جب اپنی خواہش کے بارے میں اہلخانہ کو بتایا تو میرے والدین سمیت سب بہت زیادہ غصہ ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی فلمساز فرح خان کی والدہ انتقال کرگئیں


ہدایتکارہ نے کہا کہ میرے والدین عام والدین کے بالکل برعکس تھے، وہ نہیں چاہتے تھے کہ اُن کی بیٹی کی شادی کم عُمری میں ہو بلکہ وہ مجھے شادی سے پہلے مالی طور پر خود مختار دیکھنا چاہتے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے دھمکی دی تھی کہ اگر میں نے شادی کے بارے میں سوچا بھی تو وہ مجھے گھر سے نکال دیں گی۔

فرح خان نے کہا کہ والدہ کا کہنا تھا کہ مجھے شادی سے پہلے اپنا کیریئر بنانا ہوگا اور مالی طور پر خود مختار ہونا پڑے گا، اُس کے بعد ہی وہ شادی کے لیے راضی ہوں گی۔

ہدایتکارہ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شادی کرنے کی کوئی معیاری عمر نہیں ہے، جب آپ کو صحیح انسان مل جائے تو آپ کو شادی کرلینی چاہیے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں تو اپنی شادی کے پہلے سال ہی شوہر سے دور بھاگ جانا چاہتی تھی کیونکہ میرے لیے کسی کے ساتھ رہنا بہت مشکل تھا۔

واضح رہے کہ 59 سالہ فرح خان نے دسمبر 2004 میں فلمساز شریش کندر سے شادی کی تھی، وہ سال 2008 میں IVF کے ذریعے تین بچوں کی والدہ بنیں۔
Load Next Story