اب پُرانا ہوگیا ہوں مہیش بھٹ کا مزید فلمیں نہ بنانے کا اعلان
فلمساز کو اپنے فلمی کیریئر میں تین بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا
بالی ووڈ کے معروف فلمساز مہیش بھٹ نے کہا ہے کہ وہ موجودہ دور کے حساب سے پُرانے ہوگئے ہیں لہٰذا اب مزید فلمیں نہیں بنائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہیش بھٹ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران 50 سے زائد فلمیں بنائی ہیں، میری فلموں کو شہرت بھی ملی ہے لیکن اب یہ دور میرے لیے نہیں ہے۔
مہیش بھٹ نے کہا کہ میرے نزدیک میری فلمیں آج کے لیے دور نہیں ہیں، میری کہانیاں اور فلم بنانے کا میرا انداز پُرانا ہوگیا ہے، اسی وجہ سے اب میں خود کو ہدایتکاری کے لیے مناسب نہیں سمجھتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اب بھارتی فلم انڈسٹری میں نئے فلمسازوں کو موقع دینا چاہتا ہوں کیونکہ وہ آج کی نسل کی پسند اور ناپسند کو مدِنظر رکھتے ہوئے فلمیں بنائیں گے۔
مزید پڑھیں: مہیش بھٹ 2 بار خود آئے، لال حویلی پر فلم بنانے کی اجازت نہیں دی؛ شیخ رشید
فلمساز نے مزید کہا کہ عالیہ بھٹ کی نئی فلم 'سڑک 2'، میری ہدایتکاری میں بننے والی آخری فلم ہوگی، اس کے بعد مزید ہدایتکاری نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ مہیش بھٹ نے سال 1970 میں دستاویزی فلم 'سنکٹ' سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، سال 1982 میں مہیش بھٹ کو فلم 'ارتھ' کی ہدایتکاری کا موقع ملا، اُن کی یہ فلم باکس آفس پر سُپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔
اس فلم کے بعد، مہیش بھٹ نے ایک کے بعد ایک سُپر ہٹ فلموں کو ہدایتکاری کی، اُنہیں اپنے فلمی کیریئر میں تین بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔