عامر خان کے ایک انکار نے سلمان خان کو اسٹار بنا دیا

فلم نے دنیا بھر میں تقریباً 135 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا


ویب ڈیسک July 28, 2024
سلمان خان اپنا کیریئر بنانے کے مشکل دور سے گزر رہے تھے : فوٹو : فائل

بالی ووڈ کو متعدد سُپر ہٹ فلمیں دینے والے سلمان خان کو عالمی سطح پر اسٹار بنانے میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ایک انکار نے اہم کردار ادا کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی کی کامیاب فلم 'ہم آپ کے ہیں کون' میں 'پریم' کے کردار کے لیے عامر خان کو پیشکش کی گئی تھی، فلمسازوں کی پہلی ترجیح عامر خان تھے، فلمساز چاہتے تھے کہ مادھوری ڈکشٹ کے مدمقابل عامر خان ہوں لیکن اداکار نے فلم کی اسکرپٹ پسند نہ آنے پر پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اُس وقت سلمان خان اپنا کیریئر بنانے کے مشکل دور سے گزر رہے تھے، عامر خان کے انکار کے بعد فلمسازوں نے سلمان خان کو 'پریم' کے کردار کی پیشکش کی تو اداکار نے فوراََ ہاں کردی تھی۔

سلمان خان کو معلوم نہیں تھا کہ اس ایک ہاں سے اُن کے کامیاب کیریئر کا آغاز ہوگا، مداحوں کی جانب سے فلم 'ہم آپ کے ہیں کون' میں سلمان خان کے کردار کو بہت پسند کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کا اپنی خاص دوست کی سالگرہ پر جشن، تصاویر وائرل

'پریم' کے کردار سے سلمان خان کو ناصرف شہرت ملی بلکہ بالی ووڈ میں اُنہیں رومانوی ہیرو کے طور پر بھی پسند کیا جانے لگا۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ، فلم کی دیگر کاسٹ میں انوپم کھیر، رینوکا شہانے، ریما لاگو، موہنیش بہل اور آلوک ناتھ شامل تھے۔

سال 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ہم آپ کے ہیں کون' ساڑھے 4 کروڑ بھارتی روپوں کے بجٹ سے بنائی گئی تھی جبکہ اس فلم نے دنیا بھر میں تقریباً 135 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں