پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ کے سوا کچھ نا ہو تو عوام کو باہر نکلنا پڑتا ہے امیر جماعت اسلامی

آئی پی پیز کیساتھ کیے گئے معاہدے چھپائے گئے، تحقیق کی تو حکمران طبقہ نکل آیا، حافظ نعیم


ویب ڈیسک July 28, 2024
آئی پی پیز کیساتھ کیے گئے معاہدے چھپائے گئے، تحقیق کی تو حکمران طبقہ نکل آیا، حافظ نعیم (فوٹو: فائل)

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ حکمران طبقہ کام نہ کررہا ہو، پارلیمنٹ ربڑ اسٹمپ کے سوا کچھ نا تو عوام کو باہر نکلنا پڑتا ہے۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کسی کی خواہش نہیں ہوتی کہ وہ گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر بیٹھے تاہم ملک کے مستقبل کیلئے یہاں آئے ہیں اور مطالبات منظوری تک یہیں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کیساتھ کیے گئے معائدے چھپائے گئے، تحقیق کی تو حکمران طبقہ نکل آیا، دفاعی بجٹ سے زیادہ بجلی پر کیپسٹی چاجز کا بجٹ ہے۔ جو آئی پی پیز کو ٹھیک کام کررہی ہیں انہیں کرنے دیا جائے لیکن جو نہیں کررہیں انہیں مکمل طور پر ختم کیا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہر معاہدے پر اسٹیٹ کا اختیار ہوتا ہے اگر ایسا نہیں تو جس نے معاہدے کیے ہیں انہیں چوک پر لٹکایا جائے، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سمیت ہر حکومت میں وہ طبقہ موجود ہوتا ہے جس میں رزاق داؤد، ندیم بابر، منشا گروپ ہیں!۔

مزید پڑھیں: شہری نے امیر جماعت اسلامی کی نظر کا چشمہ ایک کروڑ دس لاکھ میں خرید لیا

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ کام نہ کررہا ہو، پارلیمنٹ ربڑ اسٹمپ کے سوا کچھ نا تو عوام کو باہر نکلنا پڑتا ہے، حکومت نے کم ازکم تنخواہ 37 ہزار رکھی ہے، مجھے بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں غریب کا گھر چلاکر دیکھا دیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غریب کیا خودکشی کا راستہ چنے؟ ہمارے پاس ایک راستہ سیاسی مزاحمت میں حصہ ڈالنا تھا اور آگئے ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں، وکلاء، علماء کرام اور سول سوسائٹی سے کہتا ہوں کہ آئیں اور تحریک کا حصہ بن جائیں۔

مزید پڑھیں: جماعت اسلامی کے حکومت سے مذاکرات طے، لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کو بنیادی مطالبات بتادیے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی، سلیب سسٹم کا خاتمہ، تنخواہ دار پر ٹیکس فوری ختم کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں 4 گناہ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، تعلیم یافتہ طبقہ، کاروباری حضرات اور کسان قرضے میں ڈوب چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جلسہ عام ہوگا اور پیر کے روز خواتین باہر نکلیں گی، ہوسکتا ہے آج جلسے میں پاکستان بھر میں دھرنے دینے کا اعلان کروں، حق تو لیکر اُٹھیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ دھرنا اور مذاکرات ساتھ ساتھ چلیں گے، زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، جماعت اسلامی آپ کی جان نہیں چھوڑے گی، عوامی مسئلہ ہے حل کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں