بھارت کو شکست دیکر سری لنکا نے پہلا ویمنز ایشیا کپ جیت لیا
فائنل میں بھارتی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا
ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
دمبولا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کیلیے 166 رنز کا ہدف دیا تھا۔
سری لنکا نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 166 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی بلے باز ہرشیتا سمروکرما 69 رنز اور کاویشا دلہاری 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
کپتان چماری اتھاپتھو نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بھارت کی طرف سے دیپتی شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے تھے۔
بھارت کی طرف سے سمرتی مندھانا 60، رچا گوش 30 اور جمائمہ روڈریگز 29 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہیں۔
سری لنکا کی طرف سے کاویشا دلہاری نے 2، چماری اتھاپتو، سچنی نسانسالا اور ادیشیکا پرابودھانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے سیمی فائنل میں پاکستان ویمنز ٹیم کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔