خوابوں کی تعبیر
آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ
دوست سے ملاقات
فیصل احمد، گجرات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے دوسرے گاوں جا رہا ہوتا ہوں۔ راستے میں ایک بڑا پل ہوتا ہے جس کو کراس کر کے ہم دوسرے گاوں جاتے ہیں۔ میں اس کو کراس کرتا ہوں تو سامنے سے میرا دوست مل جاتا ہے۔ ہم دونوں باتیں کرنے لگتے ہیں۔ چلتے چلتے میرا مطلوبہ گاوں آ جاتا ہے تو میں اپنے دوست سے اجازت لے کر داخلی راستے کی طرف مڑ جاتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہو گی۔ اگر آپ کسی حکومتی ادارے میں کام کرتے ہیں تو وہاں پہ ترقی ہو گی۔ کاروباری و گھریلو معاملات میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
فیملی کے ساتھ مل کر پھل کھانا
عمران نور، قصور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ خریدنے بازار جا رہا ہوں۔ وہاں ریڑھی والے سے خوبصورت انار دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ کچھ خرید لوں۔ دوکاندار سے قیمت پوچھ کر کچھ انار لے لیتا ہوں ۔گھر آ کر وہ انار بیگم کو دیتا ہوں۔ بچے بھی آ جاتے ہیں اور بیگم چھری سے کاٹ کے ایک پلیٹ میں بھر دیتی ہے۔ اس کے دانے بہت ہی خوشنما اور سرخ ہوتے ہیں۔ ہم سب مل کے اس کو کھاتے ہیں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے رزق میں برکت ہو گی جس سے کاروباری و گھریلو امور میں بھی بہتری آئے گی۔ ممکن ہے کہ اللہ تعالی اولاد نرینہ کی خوشی عطا کریں ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں ۔
چاند کو تکنا
عنبرین فاروق، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتی ہوں۔ پھر کھڑکی کھولتی ہوں تو میری نظر چاند پہ پڑتی ہے۔ میں دیکھتی ہوں کہ چاند کو گرھن لگا ہوا ہے۔ میں پریشانی میں کھڑکی بند کر دیتی ہوں اور اپنے بستر پہ آ کر لیٹ جاتی ہوں ۔ نجانے پھر مجھے کیا ہو جاتا ہے کہ میں دوبارہ اٹھ کے پردہ ہٹا کر چاند کو دیکھنا شروع کر دیتی ہوں اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی غم یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے آپ کی صحت خراب ہو سکتی ہے۔ اس کا اثر گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ کاروباری معاملات پہ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آپ نوکری کرتی ہیں تو اس پہ بھی اثر ہو سکتا ہے۔ مال و وسائل کی کمی سے معاملات خرابی کی طرف جا سکتے ہیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔
بزرگ ناراض ہو جاتے ہیں
عمران گورائیہ، گجرات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہماری مسجد میں اجتماع ہے اور ادھر بہت سے لوگ محفل میں شامل ہیں ۔ میں بھی اپنے بھائی کے ساتھ ادھر بیٹھا ہوں ۔ وہاں موجود کچھ بزرگوں میں ایک بہت نورانی بزرگ ہوتے ہیں۔ میرا بھائی ان کی طرف اشارہ کر کے مجھے کہتا ھے کہ آئو ان سے ملاقات کریں ۔ میں اس کے کان میں کہتا ہوں کہ ابھی مناسب نہیں ۔ مگر وہ مسلسل مجھے ان کی طرف اشارہ کر کے جانے کا کہتا رہتا ہے ۔ محفل کے برخاست ہونے کے بعد ہم ان سے ملنے جاتے ہیں تو مجھ سے ہاتھ ملانے کی بجائے غصے سے کہیں اور دیکھنے لگ جاتے ہیں ۔ میں ان کو اپنی طرف متوجہ کر کے کچھ کہنے کی کوشش کرتا ہوں تو وہ اٹھ کے چلے جاتے ہیں۔ اس پہ سب لوگ ہمیں افسوس بھری نظروں سے دیکھنے لگتے ہیں۔ میں بہت پریشان ہوتا ہوں، نہ ہی مجھے کچھ سمجھ آتی ہے کہ آخر ہوا کیا ہے۔
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔