نئے چیئرمین ایچ ای سی کی تعنیاتی کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا
ڈاکٹر مختار احمد اپنی دو سالہ مدت ملازمت مکمل کرکے آج عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے
چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد اپنی دو سالہ مدت ملازمت مکمل کرکے آج عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے لیکن تاحال نئے چیئرمین ایچ ای سی کی تعنیاتی کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت میں ایک نئی ٹرم کے لیے سمری بھجوائی گئی تاہم وزیر اعظم آفس کی جانب سے وزارت قانون سے رائے طلب کی گئی اور تاحال اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔
اس قبل بھی ڈاکٹر مختار احمد چار سال کے لیے چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کا دورانیہ چار سال تھا تاہم گزشتہ دور حکومت میں اسے دو سال کر دیا گیا جس کی وجہ سے ڈاکٹر مختار احمد دوسری بار دوسال کے لیے چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے ہر تعینات ہوئے۔
ڈاکٹر مختار احمد کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے جولائی 2022 میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن تعینات کیا گیا اور آج 29 جولائی 2024 بروز پیر انکی دو سالہ مدت ملازمت مکمل ہو رہی ہے جس کے بعد وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے جبکہ ان کی جگہ نئے چیئرمین کی تعیناتی تک کمیشن کے قانون کے مطابق کسی ممبر کو ایکٹنگ چارج سونپا جائے گا۔
اس حوالے سے وزارت تعلیم کے حکام سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ سمری کے حوالے سے کوئی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں اور قائم مقام چیئرمین کے حوالے سے جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔