ضلع کرم میں قبائلی جھڑپیں جاری ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی 177 زخمی

فائر بندی پر رضامندی کے باوجود لوئر کرم میں جھڑپیں جاری، رات گئے مزید 4 مقامات پر فائرنگ سے مزید 8 افراد جاں بحق


ویب ڈیسک July 29, 2024
(فوٹو: فائل)

ضلع کرم میں قبائلی جھڑپیں مسلسل جاری ہیں، جس میں اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 43 ہو گئی ہے جب کہ 177 افراد زخمی ہیں۔


پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کرم ڈی آئی خان میں 2 قبائل کے درمیان جھڑپیں چھٹے روز بھی جاری ہیں اور فائربندی پر رضامندی کے باوجود لوئر کرم کے مختلف علاقوں میں جھڑپوں کے دوران شدید فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اپر کرم گاؤں بوشہرہ اور مالی خیل کے درمیان فائربندی کے بعد کسی قسم کی فائرنگ نہیں ہوئی ۔


تازہ اطلاعات کے مطابق ضلع کرم میں رات گئے مزید 4 مقامات پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ والے علاقوں میں بالیچ خیل، خار کلی سنگینہ پیواڑ، تری منگل زیڑان، خومسہ مقبل اور کنج رلیزای شامل ہیں۔


یہ خبر بھی پڑھیں: ضلع کرم میں زمینی تنازع پر دو قبائل میں تصادم، 10 افراد ہلاک، 50 زخمی


اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بالیچ خیل میں تازہ جھڑہوں میں مزید 8 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، جس کے بعد ضلع کرم میں مجموعی طور پر اب تک 43 افراد جاں بحق اور 177 زخمی ہوگئے ہیں۔


کشیدہ صورت حال کے باعث پاراچنار پشاور مین شاہراہ ہر قسم آمد و رفت کے لیے بند ہے۔ مسلسل جھڑپوں اور راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جھڑپوں کے خلاف احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔