چیف جسٹس کو جان سے مارنے کی دھمکی پر ٹی ایل پی رہنما کیخلاف مقدمہ درج

ٹی ایل پی نائب امیر نے جسٹس فائز عیسیٰ کا سر لانے والے کو 1 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا، ایف آئی آر


ویب ڈیسک July 29, 2024
(فوٹو: فائل)

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی پر ٹی ایل پی کے نائب امیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے، اعلیٰ عدلیہ کو دھمکی، کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں؛ چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ

ایف آئی آر کے مطابق پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی، ٹی ایل پی نائب امیر نے جسٹس فائز عیسیٰ کا سر لانے والے کو 1 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

ٹی ایل پی کے نائب امیر سمیت 1500 کارکن پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی، ریاست قتل کے فتوے برداشت نہیں کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں