بنگلادیش اے کی دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان شاہینز کو صرف 5رنز سے شکست
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی
بنگلا دیش اے نے دوسرے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان شاہینز کو صرف 5 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔
ڈارون میں کھیلے گئے 4روزہ میچ میں بنگلا دیش اے نے جیت کے لیے 296 رنز کا ہدف دیا تھا جس پر پاکستان شاہینز 290 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
خرم شہزاد اور محمد علی کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت پاکستان شاہینز کو جیت کے قریب لے آئی تھی تاہم دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ ہاتھ سے نکل گیا اور بنگلا دیش اے نے فتح اپنے نام کر لی۔
مزید پڑھیں: پاکستان شاہینز کے کئی پلئیرز نے بڑوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی
دوسری اننگز میں پاکستان شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اوپنر حسیب اللہ خان 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ طیب طاہر نے 43 اور عمر یوسف نے 45 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان شاہینز نے بنگلا دیش اے کو پہلے چار روزہ میچ میں 148 رنز سے شکست دی تھی۔