مقبوضہ کشمیر میں پُراسرار دھماکے میں 4 مسلمان جاں بحق

مال بردار ٹرک سے اسکریپ اتارنے کے دوران دھماکا ہوگیا


ویب ڈیسک July 29, 2024
مقبوضہ کشمیر میں مال بردار ٹرک سے اسکریپ اتارنے کے دوران دھماکا؛ 4 مسلمان جاں بحق (فوٹو: فائل)

مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں اسکریپ ڈیلرشپ میں ہونے والے پُراسرار دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لداخ سے آنے والے ایک اسکریپ سے لدے ٹرک سے سامان اتارا جا رہا تھا۔ اس دوران زور دار دھماکا ہوگیا۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ 3 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ چاروں مسلمان تھے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ نذیر احمد، 20 سالہ عظیم اشرف میر، 23 سالہ عادل رشید بھٹ اور 25 سالہ محمد اظہر کے نام سے ہوئی جو ٹرک سے اسکریپ اتار رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے کچھ سیمپل جمع کیے ہیں جن کا تجزیہ جاری ہے۔ واقعے میں دہشت گردی کے عنصر کے شواہد بھی نہیں ملے۔

پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسکریپ جس سے جگہ سے آیا تھا وہاں پولیس پارٹی بھیج دی گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک سے جو کباڑ اتارا جا رہا تھا اس میں کچھ فوجی سامان بھی تھا۔ ایسا لگتا ہے جیسے کسی فوجی اڈے کا استعمال شدہ سامان ہو،

تاہم پولیس نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسکریپ لداخ سے پرائیوٹ ادارے سے آیا تھا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔