شاہ رخ خان آنکھوں کے علاج کیلئے امریکا جائیں گے بھارتی میڈیا
اداکار جلد اپنی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ شروع کریں گے جس میں ان کی بیٹی سوہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان آنکھوں کے علاج کیلئے امریکا جائیں گے۔
چند ماہ قبل 21 مئی کو احمد آباد میں آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ایک کرکٹ میچ میں شرکت کے دوران شاہ رخ خان کو ہیٹ اسٹروک کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں گجرات شہر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ایک دن بعد انہیں چھٹی دے دی گئی تھی۔
بالی ووڈ ہنگامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان آنکھوں کے علاج کے لئے پیر 29 جولائی کو ممبئی کے ایک اسپتال گئے تھے جہاں ان کا علاج نہ ہوسکا اور اب انہیں نقصان کی تلافی کے لیے امریکا بھیجا جا رہا ہے۔
حالیہ دنوں میں کسی مشہور شخصیت کو آنکھوں کے مسائل کا سامنا کرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ ہفتے دہلی میں لینس پہننے کے بعد جیسمین بھسین کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اداکارہ کی دونوں آنکھوں پر پٹی باندھے تصویر وائرل ہوئی تھی۔
شاہ رخ خان جلد سوجوئے گھوش کی فلم 'کنگ' کی شوٹنگ شروع کریں گے جس میں ان کی بیٹی سوہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں جبکہ وہ اپنی ریکارڈ توڑ بلاک بسٹر فلم پتھان (2023) کے سیکوئل میں بھی نظر آئیں گے۔