عمر ایوب کے حلقے میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کردیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی جانب سے ان کے انتخابی حلقے این اے 18 ہری پور میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن کی کارروائی اور 10 جولائی کے آرڈر کو چیلنج کیا گیا تھا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز کی درخواست پر کارروائی سے روک دیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن، این اے 18 کے ریٹرننگ افسر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور بابر نواز خان کو نوٹس جاری کردیے۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے درخواست پر 60 دنوں میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ 60 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن میں کارروائی غیر قانونی ہے۔