فرانسیسی حکومت نے کنگ خان کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزازسے نوازا

بالی ووڈ فلمی نگری کا حصہ ہوں اور مجھے اس بات پر فخر ہوتا جب ہماری انڈسٹری کے کام کا اعتراف کیا جاتا ہے،شاہ رخ خان


ویب ڈیسک July 02, 2014
فرانس کے عوام شاہ رخ خان کی صلاحیتوں اور فراخ دلی کی قدر کرتے ہیں،فرانسیسی وزیرخارجہ

WELLINGTON: بالی ووڈ کے سر اسٹار شاہ رخ خان کو ان کی صلاحیتوں اور فلمی دنیا میں خدمات کےاعتراف میں فرانس کے اعلیٰ ترین اعزاز''نائٹ آف دا لیجن آف آنر'' سے نوازا گیا ہے۔

فرانس کے وزیرِ خارجہ لوراں فبیوس نے ممبئی کے تاج محل پیلس ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب میں شاہ رخ خان کو اس باوقار اعزاز سے نوازا۔ فرانس کے سفارت خانے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ شاہ رخ خان نے اپنی کمال صلاحیتوں اور جاندار اداکاری کی بدولت دنیا بھر میں لوگوں کا دل جیتا ہے اور وہیں فرانس کے لوگوں کو بھی اپنی فلموں کے ذریعے تفریح فراہم کی ہے۔

فرانس کے وزیر خارجہ لوراں فبیوس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی عوام شاہ رخ خان کی صلاحیتوں اور فراخ دلی کی قدر کرتے ہیں، شاہ رخ خان کی ادکارانہ خوبیاں عالمی سطح پر ناظرین میں جوش پیدا کرتی ہیں اور یہ ثقافتی اور تاریخی اختلافات کو بھلا کر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی فلموں کی جانب لاتے ہیں اور یہ ان کی بہت بڑی کامیابی ہے، حقیقت میں ایک اداکار کو ایسی ہی خوبیوں کا مالک ہونا چاہئے۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے کہا کہ زندگی میں بہت سے ایسے مقام آتے ہیں جو یہ بتاتے ہیں کہ آپ صحیح راستے پر ہیں اور یہ ان میں سے ایک ہے۔ میرے لئے یہ اعزاز فخر کی بات ہے جس کے لئے میں فرانس کے صدر اور وزیر خارجہ لوراں فبیوس کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اس قابل سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ میں بالی ووڈ فلمی نگری کا حصہ ہوں اور مجھے اس بات پر فخر ہوتا جب ہماری انڈسٹری کے کام کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

شاہ رخ خان سے قبل یہ اعزاز بھارت کے بگ بی امیتابھ بچن کے علاوہ معروف ہدایت کار ستیہ جیت رے اور معروف ستار نواز پنڈت روی شنکر کوبھی دیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ اس ایوارڈ کو 1802 میں فرانس کی معرف ترین تاریخی شخصیت نپولین بوناپارٹ نے شروع کیا تھا اور یہ کسی بھی ملک کے اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے فرانس کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہوں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں