کراچی میں نئی 125 موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر ٹریفک پولیس اہلکار زخمی

3 نامعلوم افراد نے اہلکار پر فائرنگ کی


Staff Reporter July 30, 2024
3 نامعلوم افراد نے اہلکار پر فائرنگ کی (فوٹو : فائل)

شرافی گوٹھ میں ٹریفک پولیس کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کا واقعہ ڈکیتی کا نکلا ، موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ٹریفک پولیس اہلکار کو نئی موٹر سائیکل کو چھیننے کی کوشش کے دوران نہ روکنے پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کیا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ کے علاقے ملیر ندی مانسہر کالونی قبرستان لانڈھی کے قریب اتوار کی دوپہر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کا اہلکار محمد عدنان زخمی ہوا تھا جو کہ ٹریفک سیکشن ملیر سٹی پر تعینات تھا۔

شرافی گوٹھ پولیس نے فائرنگ سے زخمی ٹریفک پولیس اہلکار عدنان کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ، مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ شرافی گوٹھ کا رہائشی ہے جبکہ اس کی عارضی ڈیوٹی ٹول پلازہ ناردرن بائی پاس پر ہے۔

28 جولائی کو ڈیوٹی ختم کر کے باوردی اپنی 125 موٹر سائیکل AFR (اپلائیڈ فار رجسٹریشن) ماڈل 2024 پر اپنے گھر جا رہا تھا کہ دوپہر 3 بجے کے قریب ملیر ندی روڈ مانسہرہ کالونی قبرستان لانڈھی پہنچا تو 125 موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم افراد نے فائر کیا اور گولی مجھے دائیں جانب پیٹ پر لگی اور میں نے اپنی موٹر سائیکل کی رفتار تیز کر دی جبکہ ملزمان مجھے رکنے کا اشارہ کرتے رہے۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مجھے شبہ تھا کہ ملزمان مجھ سے میری موٹر سائیکل چھیننا چاہتے تھے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوئے اور میں کچھ فاصلے پر آگے جا کر گر گیا۔

ملزمان واپس اپنی موٹر سائیکل ملیر ندی کی جانب موڑ کر فرار ہوگئے۔ شرافی گوٹھ پولیس نے مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں