کراچی میں درخت اگاؤ مہم کا آغاز

مہم 30 جولائی تا 31 اگست جاری رہے گی جس کے دوران دو لاکھ پودے لگائے جائیں گے، چیف سیکریٹری


Staff Reporter July 30, 2024
فوٹو: فائل

کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے درخت اگاؤ مہم کا آغاز کردیا گیا جو 31 اگست تک جاری رہے گی۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کراچی میں کمشنر کراچی مون سون ٹری پلانٹیشن مہم کا آغاز پودا لگا کر کیا۔ یہ مہم 30 جولائی سے 31 اگست تک جاری رہے گی، جس کے دوران کراچی میں دو لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس صدی کا سب سے بڑا چیلینج بن چکی ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اور درخت لگانے سے اس کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہم کا مقصد پودا لگانا ہی نہیں بلکہ اس کی دیکھ بھال کرکے پیڑ بنانا بھی ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی سے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے شجرکاری کے ماحولیاتی اور معاشی فوائد کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مربوط کردار ادا کرنا ہوگا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چیف سیکریٹری سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ مہم میں شہر کے مختلف علاقوں میں 2 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کی بھی متعلقہ محکموں کو ذمے داری دی گئی ہے تا کہ لگائے گئے پودے پیڑ بن جائیں۔

اس مہم کے دوران کمشنر کراچی، سیکریٹری فاریسٹ، سیکریٹری انوائرمنٹ، ڈپٹی کمشنر سائوتھ اور دیگر افسران نے بھی پودے لگائے جو سرکاری سطح پر اس مہم کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں