کراچی کے بیشترعلاقوں میں ہلکی و تیز بارش بدھ کو بھی بادل برسنے کا امکان
ہلکی بارش کاسلسلہ یکم اگست تک برقراررہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات
مون سون ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت منگل کوشہرمیں درمیانی وتیزبارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش گڈاپ ٹاؤن میں 42.4 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،24گھنٹوں کےدوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 51ملی میٹرریکارڈ ہوئی، بدھ کوبھی بارش کا امکان ہے۔
منگل کی دوپہرملیر،عزیزآباد، حسن اسکوائر،گلشن اقبال بلاک 13،گرومندر،نیپا چورنگی،کلفٹن،لیاقت آباد،محمودآباد، گارڈن ویسٹ، سرجانی، گلستان جوہر، احسن آباد، گڈاپ ٹاون،گلشن معمار،اسکیم 33،نارتھ کراچی،ایف بی ایریا،لائنزایریا،محمد علی سوسائٹی،شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، قائدآباد، آئی آئی چندریگرروڈ سمیت دیگرعلاقوں میں ہلکی ودرمیانی بارش ہوئی،بارش سے موسم قدرے خوشگوارہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق منگل کوسب سے زیادہ بارش گڈاپ ٹاون میں 42.4ملی میٹرریکارڈ ہوئی،اورنگی ٹاؤن میں 26.4ملی میٹربارش ہوئی،گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 51 ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق بحیرہ عرب سے طاقتورمون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ پراثراندازہورہا ہے، بدھ کو بھی شہرکا مطلع مکمل ابرآلود اورمرطوب رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ہلکی بارش کاسلسلہ یکم اگست تک برقراررہ سکتا ہے۔
دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بدھ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کوشہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.8ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب مزید اضافے کے بعد 82فیصد رہا۔