عمران خان کی 7 مقدمات میں درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری

عدالت نے سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی


ویب ڈیسک July 30, 2024
عمران خان کے خلاف 9 مئی واقعات سے متعلق 7 مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی ہے—فوٹو: فائل

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی تی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے واقعات کے 7 مقدمات میں درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 6 اگست تک ملتوی کردیا۔

بانی پی ٹی عمران خان نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے نو مئی سے متعلق 7 مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواستیں دائر کیں اور جج نے سماعت کی۔

درخواست میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا کہ تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی کوئی ریکوری نہیں ہونی اور پولیس کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں اور انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انسداد دہشت گردی عدالت ضمانت کی درخواستیں منظور کریں۔

بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور جلاو گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں رہائی کی استدعا کی، جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں