خیبر پولیس ناکے پر دہشتگردوں کا حملہ 2 اہلکاروں سمیت 3 جاں بحق
خیبر کے علاقے میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہل کاروں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خیبر کے علاقے چاروازگئی لنڈی کوتل کینٹ کے قریب پاک افغان شاہراہ پر قائم پولیس ناکے پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا، جس میں فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا جب کہ 2 پولیس اہل کاروں اور ایک راہ گیر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوع کی جانب روانہ کیا گیا جب کہ لاشوں اور زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا، جہاں زخمی پولیس اہل کار شیر عالم بھی دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے 2 پولیس اہل کاروں سمیت 3 افراد کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہرممکن معاونت کی جائے گی۔