چترال میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جس میں سڑکیں، پل اور مکانات بہہ گئے ہیں۔
چترال گولین گول کے مقام پر سیلاب میں 14 مکانات، ایک رابطہ پل ریلے میں بہہ گئے۔ علاوہ ازیں 3 مقامات پر سڑکیں سیلاب میں بہہ گئیں ، جس کے بعد چترال مستوج، گلگت روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ شہریوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور کئی مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہیں۔
گولین گول کے علاقے میں شدید سیلابی صورت حال اور تباہ کاریوں کے باوجود امدادی کارروائیاں تاحال شروع نہیں ہو سکیں جب کہ متاثرین کو ٹینٹ بھی دستیاب نہیں ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔ متاثرین نے اپیل کی ہے کہ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کرکے ان کے لیے محفوظ مقام کا بندوبست کیا جائے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ چترال ، دیر سوات ،ملاکنڈ، شانگلہ، کوہستان ، بٹگرام ،تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد بونیر میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح باجوڑ، مہمند، صوابی ،مردان چارسدہ ،خیبر، کوہاٹ ،کرک، ہنگو، کرم اورکزئی میں گرچ چمک کے بارش متوقع ہے۔ ڈی آئی خان ،شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش بعض مقامات پر موسلادھار بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موسلادھار بارش سے گلیات ،کوہستان ،سوات، شانگلہ،خیبر ، نوشہرہ، صوابی ،ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے اور پختونخوا کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔ سیلابی موسم میں پہاڑی علاقوں کے خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سڑکوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ مسافر اور سیاح ایسے موسم زیادہ احتیاط کریں۔
واضح رہے کہ پشاور میں گزشتہ روز 14 ملی میٹربارش، چترال 15، دیر بالا 50 ، دیر لوئر 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سب سے زیادہ بالاکوٹ 102 ، مالم جبہ 73 ،غلنیہ 31، سیدو سوات 31،کالام 16، کوہاٹ 20 ،تخت بھائی ،مردان 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کا درجہ حرارت 34 ، ڈیرہ 39، مالم جبہ 20، کالام 22 چترال 26، دیر 27 ریکارڈ کیا گیا۔