کسی نے حملہ کیا تو اسرائیل کی مدد کو امریکا آئے گا وزیر دفاع
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے فلپائن میں کیا جب اُن سے صحافیوں نے ایران میں اسرائیل کے مبینہ حملے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے متعلق سوال کیا تھا۔
امریکی وزیر دفاع نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر براہ راست کسی تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اس معاملے پر فراہم کرنے کے لیے کوئی اضافی معلومات نہیں ہیں۔
یہ خبر پڑھیں : ایران؛ اسرائیلی حملے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ محافظ سمیت شہید
جب امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن سے پوچھا گیا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں اسرائیل کی حمایت کیسے کر سکتا ہے تو اُن کا کہنا تھا کہ اس کشیدگی کے باجود میں نہیں سمجھتا کہ جنگ ناگزیر ہے۔ میرے خیال میں سفارت کاری کے لیے ہمیشہ گنجائش اور مواقع موجود ہیں۔
تاہم اگلے ہی لمحے انھوں نے یہ باور بھی کرایا کہ حملے کی صورت میں اسرائیل کی مدد کے لیے امریکا آئے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے تاحال ایران میں اسرائیل کے مبینہ حملے میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر کوئی بھی ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔