اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ آج صبح تہران میں اور تدفین دوحہ میں ہوگی

غزہ مذاکرات میں حصہ لینے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کیلیے اسماعیل ہنیہ کافی عرصے سے قطر میں مقیم تھے


ویب ڈیسک July 31, 2024
اسرائیل کے مبینہ حملے میں اسماعیل ہنیہ ایران میں شہید ہوگئے، فوٹو: فائل

حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی آج تہران میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور بعد ازاں میت دوحہ روانہ کی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں آج نماز جنازہ کے بعد میت قطر کے دارالحکومت دوحہ لائے جائے گی اور جمعے کے روز ایک بار پھر نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انھیں سپرد خاک کیا جائے گا۔

یہ خبر پڑھیں : ایران پر اسماعیل ہنیہ کا بدلہ لینا فرض ہوگیا؛ آیت اللہ خامنہ ای

خیال رہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں آج اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے کل بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسماعیل ہنیہ کا قتل ناقابلِ قبول ہے؛ روس اور چین کی شدید مذمت

یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد رات قیام کے لیے تہران کے گیسٹ ہاؤس پہنچے جہاں ان پر میزائل حملہ کیا گیا تھا۔

ایران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل پر سرکاری طور پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ نومنتخب ایرانی صدر نے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کسی نے حملہ کیا تو اسرائیل کی مدد کو امریکا آئے گا؛ وزیر دفاع

حماس اور ایران نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت میں اسرائیل پر ذمہ داری عائد کی تاہم اسرائیل کی جانب سے تاحال نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی ہے۔

اسماعیل ہنیہ کے قتل کی ایران، ترکیہ، قطر، روس اور چین نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا اس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں