کراچی پیٹرول پمپ پر 2مرتبہ ڈکیتی کروانے والے سابق ملازم نکلے 3ملزمان گرفتار
الفلاح پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور 2 لاکھ کیش برآمد کرلیا
الفلاح شمسی سوسائٹی کے پیٹرول پمپ پر دو مرتبہ ڈکیتی کروانے والے سابقہ ملازم نکلے، الفلاح پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 پستول اور 2 لاکھ کیش برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الفلاح پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان علی حیدر، پرویز احمد اور ندیم شامل کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 پستول اور 2 لاکھ کیش برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے 20 جولائی کو پیٹرول پمپ کا کیش لوٹا تھا، گرفتار ملزمان ڈکیتی کے دوران پولیس اہلکار کا اسلحہ بھی لے کر فرار ہوئے تھے، پیٹرول پمپ کے سابقہ ملازمین ڈکیت گروہ کو بھاری کیش کی مخبری کرتے تھے جبکہ گرفتار ملزمان نے 6 ماہ قبل بھی پیٹرول پمپ سے 13 لاکھ 60 ہزار کیش چھینا تھا۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق مزید تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔