رواں سال زرعی و فوڈ پراڈکٹس کی برآمدات میں 37 فیصد اضافہ ہوا ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی

ٹی ڈیپ کے تحت فوڈ اینڈ ایگری نمائش 9 اگست سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی، چیف ایگزیکٹو


Business Reporter August 01, 2024
فوٹو: فائل

ملکی تاریخ میں پہلی بار زرعی اور فوڈ پراڈکٹس کی ایکسپورٹ 10ارب ڈالر کی سطح عبور کرجائے گی، اس سال زرعی و فوڈ پراڈکٹس کی برآمدات میں 37فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ بات ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈیپ کے تحت فوڈ اینڈ ایگری نمائش 9 اگست سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی جو 11اگست تک جاری رہے گی۔ نمائش میں 75ممالک کے 1000مندوبین شرکت کریں گے۔

نمائش میں 350 مقامی نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کے اسٹالز لگائیں گے۔ نمائش میں 200مندوبین پر مشتمل سب سے بڑا وفد چین کا ہے۔ چائنیز وفد کو گیسٹ آف دی آنر کا درجہ دیا گیا ہے جنہیں آمدورفت کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔

فوڈ اے جی نمائش میں دوسری بڑی شرکت افریقی ممالک کی ہے۔ گزشتہ سال اس نمائش میں 410 ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے تھے جبکہ اس سال نمائش میں 1 ارب ڈالر کے معاہدے ہونے کی توقع ہے، اس سال 14 ممالک کا نمائش میں اضافہ ہوا ہے، یورپ اور امریکا سمیت دنیا بھر کے بڑے چین اسٹورز بھی شرکت کرینگے۔

زبیر موتی والا نے بتایا کہ فوڈ اے جی نمائش میں پاک چین ٹریڈ کانفرنس کا بھی خصوصی انعقاد کیا جائے گا۔ فوڈ اے جی نمائش کے اخراجات کا تخمینہ 15 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں