سپریم کورٹ کا چیف جسٹس کی سربراہی میں شریعت اپیلیٹ بینچ تشکیل

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ 5 اگست سے مقدمات کی سماعت کرے گا

چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ تشکیل دے دیا گیا—فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے طویل عرصے بعد شریعت اپیلیٹ بینچ تشکیل دے دی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں شریعت اپیلیٹ بینچ تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی۔


پریکٹیس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ تشکیل دے دیا گیا، جس میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن کے علاوہ ڈاکٹر محمد خالد مسعود اور ڈاکٹر قبلہ ایاز بھی بطور عالم جج شریعت بینچ کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ میں فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلوں کے خلاف متعدد اپیلیں زیر التوا ہیں، سودی نظام کے خلاف فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

سپریم کورٹ کا 5 رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 اگست سے مقدمات کی سماعت کرے گا۔
Load Next Story