فلم باغبان میں کام نہیں کرنا چاہتی تھی ہیما مالنی
میری والدہ نے مجھے امیتابھ بچن کا حوالہ دے کر فلم کے لیے راضی کیا، اداکارہ
بھارتی فلم انڈسٹری میں ڈریم گرل کے نام سے مشہور اداکارہ ہیما مالنی نے کہا ہے کہ اُنہوں نے فلم 'باغبان' میں کام سے انکار کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیما مالنی نے اپنے انٹرویو کے دوران اپنی مقبول فلم 'باغبان' میں ماں کا کردار ادا کرنے کے بارے میں بات کی۔
ہیما مالنی نے کہا کہ جب مجھے فلم 'باغبان' کی پیشکش ہوئی اور میں نے اسکرپٹ پڑھی تھی تو میں نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ میں چار جوان اداکاروں کی ماں کا کردار نہیں کرنا چاہتی تھی۔
سینیئر اداکارہ نے کہا کہ میں نے اس فلم سے قبل کبھی بھی ماں کا کردار نہیں کیا تھا، اسی وجہ سے مجھے کسی کی ماں بننا بہت عجیب لگ رہا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ جب میری والدہ کو فلم کی پیشکش کے بارے میں علم ہوا تو اُنہوں نے مجھے یہ کردار کرنے پر زور دیا۔
ہیما مالنی نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے امیتابھ بچن کا حوالہ دے کر فلم کے لیے راضی کیا، والدہ نے کہا کہ فلم میں امیتابھ بچن باپ کا کردار ادا کریں گے تو تمہیں یہ فلم لازمی کرنی چاہیے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں نے والدہ کی جانب سے سمجھانے پر ہی فلم میں کام کرنے کے لیے رضا مندی ظاہر کی۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم 'باغبان' کی کاسٹ میں میں ہیما مالنی اور امیتابھ بچن کے علاوہ سلمان خان، مہیما چودھری، امن ورما، سمیر سونی، ساحل چڈھا اور ناصر خان بھی شامل تھے۔