پنڈی میں معذور شخص پر تشدد ٹریفک وارڈن سمیت 10 افراد پر مقدمہ درج
ذہنی طور پر معذور شخص کو چند افراد نے بجلی کے کھمبے کے ساتھ باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا
راولپنڈی تھانہ ریس کورس کے علاقے میں ذہنی معذور شخص پر بدترین تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں ٹریفک وارڈن شعیب سمیت 10 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا۔
ذہنی طور پر معذور شخص کے بھائی کامران حسین نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ اس کا بھائی عرفان جو ذہنی طور پر معذور ہے، اس کو چند افراد نے بجلی کے کھمبے کے ساتھ باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
اہل علاقہ کی اطلاع پر جب میں موقع پر پہنچا تو دیکھا کہ بھائی کو کھمبے کے ساتھ باندھا گیا تھا اور وہ شدید زخمی حالت میں تھا۔
ریسکیو 1122 کی مدد سے بھائی کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کیا اور اب معلوم ہوا ہے کہ تشدد کرنے والوں میں ٹریفک وارڈن شعیب اور دیگر 10 نامعلوم ملزمان شامل تھے۔
تھانہ ریس کورس کی پولیس نے واقع کا مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ ذہنی معذور شخص کے بھائی کامران حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔