کراچی میں غیر قانونی بل بورڈز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
غیر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کی نشاندہی کر لی گئی
کراچی انتظامیہ نے شہر میں غیر قانونی و غیر محفوظ بل بورڈز ہٹانے کی کارروائی فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں غیر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے زیرصدارت اجلاس میں غیر قانونی و غیر محفوظ بل بورڈز ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جلاس میں ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید خان اور دیگر ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اپنے اپنے ضلع میں غیر قانونی نصب بل بورڈز اور ہورڈنگز کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز ترجیحی اقدامات کے ذریعے ایس بی سی اے ٹاؤن ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کریں گے۔ کمشنر نے کہا کہ بل بورڈز کی وجہ سے ہو نے والے حادثات اور حکومت کی پالیسی کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے ترجیحی اقدامات کر نے کی ضرورت ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز کمشنر کراچی رابعہ سید نے اجلاس میں شہرمیں غیرمحفوظ اورغیرقانونی بل بورڈز کے سروے کی رپورٹ پیش کی۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے وہ غیرقانونی اور غیرمحفوظ بل بورڈز ہٹانے کے لیے ترجیحی اقدامات کر کے فوری کارروائی کریں۔
تفصیلات کےمطابق ضلع جنوبی اور شرقی میں فوری اقدامات کے تحت ہٹانے کے لیے 20، 20 بل بورڈز کی شناخت کی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر وسطی میں 9کورنگی میں 6 بل بورڈز فوری اقدامات کے ذریعے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کے لیے مطلوب بل بورڈز کی فہرست فراہم کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں بل بورڈز ہٹانے کےلیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دیں گے اور فوری طور پر کارروائی شروع کردیں گے۔
بل بورڈ ہٹانے کے لیے قائم خصوصی ٹیم میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ٹاؤن ایڈمنسٹریشن سمیت متعلقہ اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔