بھارتی اداکارہ نے لائیو شو میں سابق بوائے فرینڈ کے دوست کو چپل دے ماری
گزشتہ دنوں ہی اداکارہ لوانیا اور اداکار راج ترن کے درمیان علیحدگی ہوئی
بھارت کی مقامی فلم انڈسٹری ٹالی ووڈ کی اداکارہ لوانیا نے اپنے سابق بوائے فرینڈ و اداکار راج ترن کے دوست کو لائیو شو میں چپل اُتار کر مار دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں ہی اداکارہ لوانیا اور اداکار راج ترن کے درمیان علیحدگی ہوئی ہے، علیحدگی کے بعد اداکارہ نے سابق بوائے فرینڈ پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا تھا۔
لوانیا نے دھوکہ دہی کے الزام میں راج ترن کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے تھے جس پر بھارتی پولیس نے اداکار کو شامل تفتیش بھی کیا تھا۔
اب حال ہی میں اداکارہ لوانیا نے بھارتی ٹی وی شو میں شرکت کی، اس شو میں راج ترن کے دوست کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
شو کی لائیو نشریات کے دوران، راج ترن کے دوست نے اُن کا دفاع کیا جس پر اداکارہ لوانیا غصے سے بھڑک اُٹھیں۔
اداکارہ نے راج ترن کا دفاع کرنے پر لائیو شو میں اُن کے دوست کو اپنی چپل ماری دی جس پر شو میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی۔
اس دوران شو کے میزبان دونوں اداکاروں کے درمیان جاری جھگڑا ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے۔