ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستانی سیاسی جماعت کی جاسوسی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ رات ایل او سی پر شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی زخمی ہوا جبکہ مسئلہ کے حل کے لئے مقامی کمانڈرز کا اجلاس بلالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ جموں کشمیر سے پاکستان کا موقف تبدیل نہیں ہوگا اور اب بھی اسے متنازعہ علاقہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے فراہم کردہ فہرست سے زیادہ پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں جبکہ کئی قیدی اپنی سزا پوری کرنے کے باوجود پابند سلاسل ہیں، بھارتی جیلوں میں اب بھی 264 سویلین اور 116 ماہی گیر قید ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور اس حوالے سے افغان حکومت نے کبھی ثبوت فراہم نہیں کئے جبکہ تحریک طالبان پاکستان کا امیر مولوی فضل اللہ پاکستان کے خلاف باہر بیٹھ کر کارروائیاں کر رہا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے پاکستانی سیاسی جماعت کی جاسوسی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے تاہم اس حوالے سے مزید معلومات نہیں لیکن جاسوسی کا معاملہ امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے۔
عراق میں جاری حالیہ بحران کے حوالے سے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عراق اور شام کی صورتحال پر تشویش ہے جبکہ عراق میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور شورش زدہ شہر تکریت سے کئی پاکستانیوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا جاچکا ہے۔