بالی ووڈ کے مرد اداکاروں کو زیادہ معاوضہ ملنے پر اداکارہ تبو بھڑک اُٹھیں
وہ ایسا کیا کرتے ہیں کہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ حاصل کرلیتے ہیں، اداکارہ
بھارتی فلم انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ تبو نے بالی ووڈ کے مرد اداکاروں کو فلموں کے لیے زیادہ معاوضہ ملنے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو کے دوران تبو نے کہا کہ ہر میڈیا پرسن خواتین فنکاروں سے ہی یہ سوال کیوں کرتا ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مرد فنکاروں کو زیادہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔
تبو نے شدید برہم ہوتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ سے یہ سوال کیوں پوچھ رہے ہیں؟، میں اس سوال کا جواب کیسے دوں؟، آپ اس شخص سے کیوں نہیں پوچھتے جو مرد فنکاروں کو زیادہ معاوضہ دے رہے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آپ مرد اداکار سے یہ کیوں نہیں پوچھتے کہ آپ کو زیادہ معاوضہ کیوں دیا جاتا ہے؟ آپ ایسا کیا کرتے ہیں کہ آپ خواتین کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ حاصل کرلیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اجے دیوگن اور تبو کی نئی رومینٹک فلم 'اوروں میں کہاں دم تھا' ریلیز ہوگئی
اُنہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میڈیا پرسن ہم خواتین فنکاروں سے یہ سوال پوچھ کر اس مسئلے کو سنسنی خیز بنانے کی کوشش کرتے ہیں، وہ یہ سُننا چاہتے ہیں کہ خواتین یہ کہیں کہ مجھے غصہ آتا ہے کہ مجھے کم معاوضہ دیا جا رہا ہے۔
تبو نے صحافیوں کا منہ بند کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے جتنا بھی معاوضہ ملتا ہے، میرے وہ ٹھیک ہے لہٰذا دوبارہ ایسے سوال نہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 2 اگست کو تبو اور اجے دیوگن کی فلم 'اوروں میں کہاں دم تھا' ریلیز ہوئی تھی، نیرج پانڈے کی ہدایتکاری میں بننے والی کی کہانی رشتوں کی پیچیدگی اور انسانی نفسیات کا احاطہ کرتی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں جمی شیر گِل، سائی منجریکر اور شانتانو مہیشواری بھی شامل ہیں۔