شیرافضل مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کے بعد بیرسٹر گوہرکوبڑی پیشکش

پارٹی کی رکنیت منسوخی پر شیرافضل مروت نے بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے معاملے پر بات کی


August 03, 2024
بیرسٹر گوہر نے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا—فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پارٹی رکنیت منسوخی کے بعد شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے قومی اسمبلی اور پارٹی سے ازخود استعفیٰ دینے کی پیش کش کرتے ہوئے انہیں اپنا اتھارٹی لیٹر بھی بھجوادیا۔

ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی سے نکالے جانے کے معاملے پر بیرسٹر گوہر علی خان سے رابطہ کیا اور پارٹی کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔

شیرافضل مروت نے اس موقع پر پارٹی رکنیت کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی کی رکنیت سے خود استعفیٰ دینے کی پیش کش کردی، جس پر بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی کی رکنیت کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر نے شیرافضل کو جواب دیا کہ وہ اہم فیصلوں پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ضروری سمجھتے ہیں۔

شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اپنے خلاف کی جانے والی بیان بازی رکوانے کا بھی مطالبہ کیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ شیر افضل مروت نے استعفے کے لیے اپنا اتھارٹی لیٹر بیرسٹر گوہر کو بھیج دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری فردوس شمیم نقوی نے شیرافضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور نوٹیفکیشن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی سے بھی مستعفی ہوجائیں۔

شیرافضل مروت کی پارٹی رکنیت منسوخی پر پی ٹی آئی کے اندر اختلافات سامنے آئے تھے کیونکہ بیرسٹر گوہر نے اس پیش رفت سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی اسی طرح کا مؤقف اپنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں