بیٹی کی وجہ سے پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہوں سعدیہ امام

ماں اور باپ بن کر اپنی بیٹی کی پرورش کررہی ہوں، اداکارہ

شادی کے بعد سے سعدیہ امام اسکرین پر کم نظر آتی ہیں : فوٹو : انسٹاگرام

ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ سعدیہ امام نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی اچھی تربیت کرنے کے لیے باقاعدگی سے پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہیں۔

سعدیہ امام نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی بیٹی کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بات چیت کی۔

اداکارہ نے کہا کہ میرے شوہر کام کی وجہ سے ملک سے باہر ہوتے ہیں، اسی لیے میں ماں اور باپ بن کر اپنی بیٹی کی پرورش کررہی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت تعلیم سے نہیں بلکہ والدین کی زور مرہ کی روٹین سے ہوتی ہے، میں نے اپنی والدہ سے زندگی کے طور طریقے سیکھے تھے اور اب میری بیٹی میرب مجھے دیکھ کر سیکھ رہی ہے۔

سعدیہ امام نے کہا کہ اگر کبھی ایسا ہوتا ہے کہ میں گھر میں موجود نہیں ہوں اور پیچھے سے مہمان آگئے تو میری بیٹی بہت اچھی مہمان نوازی کرتی ہے، وہ میرے آنے کا انتظار نہیں کرتی اور مہمانوں کے ساتھ اچھے سے پیش آتی ہے۔


مزید پڑھیں: سعدیہ امام کی بیٹی کی سالگرہ کی تصاویر وائرل

اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کی وجہ سے پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہوں تاکہ وہ مجھے دیکھ کر سیکھے، اب مجھے اپنی بیٹی کو نماز کے لیے کہنا نہیں پڑتا کیونکہ وہ مجھے دیکھ کر سیکھ چکی ہے اور اب خود ہی باقاعدگی سے نماز پڑھتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جب بچے چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ ہر اچھے اور بُرے کام اپنے والدین سے ہی سیکھتے ہیں لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے سامنے نیک اور اچھے کام کریں۔

واضح رہے کہ سعدیہ امام نے 2012 میں پاکستانی نژاد جرمنی کے صنعت کار عدنان حیدر کے ساتھ نکاح کیا تھا جبکہ اُن کی رخصتی 2013 میں ہوئی تھی، اس جوڑے کی ایک بیٹی ہے۔

شادی کے بعد سعدیہ امام نے اداکاری کی دُنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا لیکن وہ اکثر مارننگ شوز میں بطورِ مہمان شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
Load Next Story