ایکنک نے کراچی تا لاہور موٹروے منصوبے کی منظوری دیدی

ملک میں ترقیاتی کاموں کے لئے 440 ارب روپے کی منظوری دی گئی


ویب ڈیسک July 03, 2014
کراچی لاہور موٹروے کی زمین کی خریداری کیلئے متاثرین کو 51 ارب روپے دیئے جائیں گے،اجلاس میں فیصلہ،فوٹو:فائل

ایکنک نے کراچی تا لاہور موٹروے منصوبہ منظور کرتے ہوئے ملک میں دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے 440 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت خزانہ اور دیگر شعبوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایکنک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں ترقیاتی کاموں کے لئے 440 ارب روپے کی منظوری دے گئی ہے جبکہ اجلاس میں کراچی،لاہور اور ملتان موٹروے منصوبے کو بھی منظور کرلیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کراچی لاہور موٹروے کی زمین کی خریداری کے لئے متاثرین کو 51 ارب روپے دیئے جائیں گے جبکہ موٹروے کے منصوبے کے لئے 259 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھر ملتان موٹروے اکتوبر 2017 تک مکمل کرلی جائے گی جبکہ موٹروے سکھر ملتان سیکشن کی تعمیر پر 259 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ایکنک نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے لئے 5 ارب،حسن ابدال حویلیاں ایکسپریس وے کے لئے 30 ارب اور گوادر فری ٹریڈ زون کے لئے 6 ارب روپے کی منظوری دی جبکہ اجلاس میں سندھ میں سیلاب کی روک تھام کے لئے 26 ارب روپے کا ترقیاتی منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔