کراچی 100 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 2 پسٹل (بغیر لائسنس) ایمونیشن، 3 موبائل فونز اور ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل بھی برآمد


Staff Reporter August 04, 2024
فوٹو : ایکسپریس نیوز

سندھ رینجرز اور پولیس نے اسپارکو روڈ موسمیات چوک کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں 100 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 2 ملزمان محمد علی اور محمد واجد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 پسٹل (بغیر لائسنس) ایمونیشن، 3 موبائل فونز اور ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم محمد علی ایک عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف تھانہ شارع فیصل اور رحیم یار خان میں بھی ایف آئی آرز درج ہیں۔ دوران تفتیش ملزم محمد علی نے اپنے دیگر ساتھیوں غفار عرف مُلا، ساجد عرف شہزاد، عبدالجبار، نہال، مالک رند اور واجد کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں 100 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزم محمد علی نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے علاقے منزل پیٹرول پمپ پر واقع دودھ کی شاپ پر ڈھائی لاکھ روپے ڈکیتی کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ملزم محمد واجد نے گزشتہ دو سال سے شہر کے مختلف علاقوں حیدری، نیپا اور سماماں شاپنگ مال سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزم محمد واجد کے خلاف حیدری اور سچل تھانے میں ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزم نے 9 اپریل کو سچل تھانے کی حدود سے سعید محمد نامی شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھیننے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔