غزہ میں اسرائیل کی الاقصیٰ اسپتال اور اسکول پر بمباری 20 فلسطینی شہید

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں 18 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

اسرائیلی فوج کی اسپتال اور اسکول کے خیمہ گاہوں پر بمباری میں 20 فلسطینی شہید اور 18 زخمی ہوگئے، فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج نے دیر البلاح میں الاقصی شہدا اسپتال کے صحن میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر اور پھر ایک اسکول کے خیمہ گاہ پر بھی وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق الاقصیٰ اسپتال کے خیمہ گاہ میں 3 فلسطینی شہید اور 18 زخمی ہوگئے جب کہ اسکول میں قائم پناہ گاہ کیمپ پر بمباری میں 17 فلسطینی شہید ہوگئے۔

امدادی کاموں کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں 7 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


اسرائیل کے 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینوں کی تعداد 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی جب کہ 91 ہزار 200 سے زائد زخمی ہیں۔

30 جولائی کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایرانی دارالحکومت میں ایک میزائل حملے میں شہید کردیا گیا جس کی ذمہ داری حماس اور ایران نے اسرائیل پر عائد کی ہے۔

تاہم اسرائیل کی جانب سے اس الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

 
Load Next Story