ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے دوران 104 افراد جاں بحق

ملک بھر میں بارشوں سے 206 افراد زخمی ہوئے، گھروں کو نقصان پہنچا اور مویشی بھی ہلاک ہوئیں، رپورٹ

بارش سے گھروں کو بھی نقصان پہنچا—فوٹو: فائل

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے دوران 104افراد جاں بحق اور206 زخمی ہوگئے ہیں اور مجموعی طور پر 1490 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیل جاری کر دی ہے، جس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے جاری طوفانی بارشوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث 104 افراد جاں بحق اور 216 زخمی ہو ئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طوفانی بارشوں سے490گھروں کو نقصان پہنچا اور 118مویشی سیلاب کی نذر ہو گئیں۔


این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مون سون کی طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ اموات 39 پنجاب میں ہوئیں، خیبر پختونخوا میں 34، سندھ میں22، بلوچستان میں5، آزاد کشمیر میں3 اور گلگت بلتستان ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

بارشوں میں ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں پنجاب میں 113، خیبر پختونخوا میں 79 ، آزاد کشمیر میں11، بلوچستان میں9 اور سندھ میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

ملک بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران طوفانی بارشوں سے 126گھر منہدم اور 364کو جزوی نقصان پہنچا، خیبر پختونخوا میں382گھر، پنجاب میں 61، گلگت بلتستان میں22، سندھ میں13، آزاد کشمیر میں7 اور بلوچستان میں5گھر متاثر ہوئے۔
Load Next Story