تعلیمی اداروں میں کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سی ڈی اے کے درمیان یادداشتوں پر دستخط ہوئے


August 04, 2024
فوٹو: پی سی بی

تعلیمی اداروں میں کرکٹ کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹس اور لیگز کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سی ڈی اے کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد عثمان خان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے نچلی سطح پر فروغ کے لئے تاریخ میں پہلی بار سنجیدہ کاوش کی گئی ہے۔ انٹر اسکولز، انٹر کالجیٹ، انٹر یونیورسٹیز ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا، تمام ادارے ایک ساتھ ملکر ٹورنامنٹ کرائیں گے تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے، امید ہے کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ مضبوط ہوگی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسکولز ہر ٹیلنٹ کی نرسریاں ہیں، اچھے کھلاڑی اسکولز سے ہی اوپر آتے ہیں۔ معاہدوں کے تحت آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹس کے انتظامات کی نگرانی کرے گا جبکہ ہائر ایجوکیشن اداروں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے فریم ورک مرتب کرکے عمل درآمد کیا جائے گا۔

اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خواتین کرکٹ کے فروغ پر فوکس کیا جائے گا۔اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کھلاڑیوں کا ڈیٹا پی سی بی ڈیٹا بیس کو فراہم کیا جائے گا۔ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بہترین کھلاڑیوں کو اسپورٹس اسکالرشپ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

پی سی بی کرکٹ اسکالرشپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جنہیں کھیلوں کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ دیا جائے گا۔آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے سکولوں اور کالجوں کے ساتھ رابطہ کرے گا۔

آئی بی سی سی اور تعلیمی بورڈز صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ مل کر سکولوں اور کالجوں میں کرکٹ گراؤنڈز تیار کریں گے۔ٹورنامنٹس کا آغاز ضلع کی سطح سے شروع ہو گا پھر ڈویژن ۔صوبائی، اور آخر میں قومی سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

پی سی بی ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے آفیشل ایمپائرز، سکوررز اور دیگر ضروری سٹاف فراہم کرے گا۔پی سی بی ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کرنے اور تمام شریک اداروں تک ان معلومات کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہوگا۔

پی سی بی ہر ضلع سے جیتنے والی ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں کی تربیت کو ہائی پرفارمنس سنٹرز میں یقینی بنائے گا۔پی سی بی سکولز۔ کالجز کے ٹاپ پرفارمرز کو پی سی بی انڈر 17 اور انڈر 19 ٹیموں میں شرکت کا موقع دے گا۔

پی سی بی فزیکل ٹریننگ ایجوکیشن اساتذہ کے لیے خصوصی کوچنگ کورسز کا اہتمام کرے گا۔پی سی بی کے کوچز سکولوں کا دورہ کریں گے اور سکول میں کیمپوں کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت فراہم کریں گے۔

ایچ ای سی ، پی سی بی کی مشاورت سے کرکٹ کے فروغ کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کا روڈ میپ تیار کرے گا۔پی سی بی مرد اور خواتین کے انٹر یونیورسٹیز چیمپئن شپ سے ٹاپ کھلاڑیوں کو منتخب کرے گا اور یہ کھلاڑی پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں سالانہ تربیتی کورسز میں شرکت کریں گے۔

پی سی بی اعلی تعلیمی اداروں کے گراؤنڈ مین اور کیوریٹرز کو مفت تربیت دے گا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا،وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی،چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا،ہائیر ایجوکیشن کمیشن،انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن،سی ڈی اے کے اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں